تھانے: 28 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر کے تھانے اور پالگھر اضلاع میں لوک سبھا انتخابات لڑنے والے 78 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا موقع تقریبا 81 لاکھ ووٹروں کو ملے گا، جہاں پیر کو ووٹنگ ہونی ہے۔حکام نے یہ معلومات دی۔تھانے کے ضلع مجسٹریٹ راجیش نارویکر نے بتایا کہ انتخابات کے سازگار ماحول کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تھانے ضلع میں کل 62.22 لاکھ ووٹر ہیں، جہاں 6،715 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔نارویکر نے کہا کہ جن کمروں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) رکھی جائیں گی ان میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، ریاست ریزرو پولیس اور مقامی پولیس کے تین سطحی حفاظتی دستے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ، انتخابات مواد اور سینئر پولنگ افسران کو لے جانے والی گاڑی گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) سے لیس ہوں گے۔پالگھر ضلع کے مجسٹریٹ پرشانت نارناورے نے کہا کہ پالگھر میں کل 18.85 لاکھ ووٹر ہیں۔الیکشن کمیشن کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پالگھر میں سات اسسٹنٹ پولنگ مراکز کو منظوری دینے سے انکار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بوسار علاقے میں واقع ان سات پولنگ مراکز کو مستقل بوتھوں کے ساتھ ملا دیا گیا ہے۔پالگھر ضلع میں اب کل 2،170 بوتھ ہوں گے۔تھانے لوک سبھا سیٹ پر، موجودہ شیوسینا کے رہنما راجن وچارے کو این سی پی کے سابق ایم پی آنند پرانجپے کے خلاف کھڑا کیا گیا ہے۔تھانے ضلع کی بھیونڈی سیٹ پر، موجودہ بھاجپا ایم پی کپل پاٹل کی لڑائی کانگریس کے سریش تاورے کے ساتھ ہے۔تھانے کی کلیان سیٹ پر مقابلہ بنیادی طور پر شیوسینا کے موجودہ ایم پی سری کانت شندے اور این سی پی کے باباجی پاٹل کے درمیان ہے۔پالگھر لوک سبھا سیٹ پر موجودہ ایم پی راجندر گاوت جس نے حال ہی میں بی جے پی چھوڑ کر شیوسینا میں شامل ہوئے تھے ان کا مقابلہ کانگریس این سی پی کے اتحادی بہوجن وکاس اگھاڑی کے سابق ممبر پارلیمنٹ بلرام جادھو سے ہے۔شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، این سی پی صدر شرد پوار اور ریاست کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے دونوں اضلاع میں کئی ریلیوں سے خطاب کیا۔لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کے تحت ریاست کے تھانے، پالگھر اور ممبئی کے حلقوں سمیت 17 سیٹوں کے لیے ووٹنگ پیر کو ہوگی۔